• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سسرالیوں نے جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر دلہن کو تیزاب پلا کر مار ڈالا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارت سے یکے بعد دیگرے جہیز کے بھاری بھرکم مطالبات پورے نہ ہونے پر بہوؤں کو جان سے مار دینے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

بھارت میں جہیز کے لالچ میں بہو کی جان لینے کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں سسرالیوں نے 23 سالہ دلہن کو مبینہ طور پر زبردستی تیزاب پلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ امروہہ ضلع کے کلاکھیڑا گاؤں میں پیش آیا جہاں نئی نویلی دلہن کو مانگ کے مطابق جہیز نہ لانے پر اس کے سسرالیوں نے زبردستی تیزاب پلا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شادی کچھ روز قبل ہی ہوئی تھی، متوفیہ کے والد نے الزام لگایا ہے کہ شادی ہوتے ہی بیٹی کے سسرالیوں کی جانب سے 10 لاکھ روپے نقد اور ایک کار کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جب بیٹی کے سسرالیوں کی مانگ پوری نہیں کی گئی تو اسے مبینہ طور پر تیزاب پلایا گیا جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کروا دیا گیا۔

مقتول لڑکی کے والد کا بتانا ہے کہ میری بیٹی 17 دن تک زندگی اور موت کی جنگ لڑتی رہی اور آخر وہ کل دم توڑ گئی۔

امروہہ کی پولیس نے متاثرہ کے والد کی شکایت پر شوہر سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہوگی تو جہیز کے مطالبے پر قتل کی دفعات شامل کی جائیں گی اور تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید