• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت : ایمانداری پر ویڈیو بنانے والا یوٹیوبر عادی چور نکلا، پولیس نے گرفتار کرلیا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اوڈیشہ کے شہر بھوبنیشور میں ایمانداری اور جرائم سے دور رہنے کی ویڈیو بنانے والے یوٹیوبر کو چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک ایسے یوٹیوبر کو گرفتار کیا ہے جو دن میں ایمانداری اور جرائم سے پاک زندگی پر لیکچر دیتا تھا مگر رات کے اندھیرے میں چور بن جاتا تھا۔

ملزم کی شناخت منوج سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو "چینج یور لائف" کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتا تھا۔ اس چینل پر وہ ڈسپلن، ایمانداری اور جرائم سے دور رہنے کے پیغامات پر مبنی ویڈیوز اپلوڈ کرتا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حقیقت میں منوج سنگھ ایک ماہر چور ہے اور اس کے خلاف اب تک 10 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

14 اگست کو اس نے بھارت پور تھانہ کے علاقے میں ایک گھر سے 200 گرام سونا جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ بھارتی روپے تھی چوری کیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے، اور واپس آ کر دیکھا تو تالے ٹوٹے ہوئے اور قیمتی سامان غائب تھا۔

متاثرہ فیملی کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے ایک ہفتے تک یوٹیوبر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور بالآخر اسے کھنڈا گیری باری سے گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے وقت اس سے چوری شدہ سونا اور 1 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منوج سنگھ ایک ماہر چور ہے اور اس کے خلاف کم از کم 10 مقدمات زیرِ التوا ہیں، لیکن فارغ وقت میں وہ یوٹیوب پر موٹیویشنل لیکچرز دیتا تھا، جس پر اچھے خاصے ویوز آتے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید