• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بلند ہونے لگا، نچلے درجے کا سیلاب برقرار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بلند ہونے لگا، نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

بیراج حکام کے مطابق سکھر بیراج کے مقام پر 24 گھنٹوں میں 31 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔

حکام نے کہا کہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 15 ہزار 172 کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 60 ہزار 512 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں بھی شدید سیلابی صورتِ حال کا خطرہ ہے، 3 سے 4 ستمبر کے دوران 9 سے ساڑھے 9 لاکھ کیوسک تک کے ریلے پنجند ہیڈ ورکس سے گزریں گے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بند توڑ کے بہاؤ کا رخ بدلنے کی صورت میں 8 لاکھ 25 ہزار سے 9 لاکھ کیوسک کے ریلے متوقع ہیں، گڈو بیراج پر 5 سے 6 ستمبر کے دوران 8 لاکھ سے 11 لاکھ کیوسک بہاؤ متوقع ہے۔

ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔

ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ تمام وزراء، منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید