سٹی کورٹ کراچی میں واقع کنزیومر کورٹ شرقی میں آن لائن ٹیکسی سروس کے ڈرائیور کی جانب سے ہراساں کرنے کے کیس میں خاتون مسافر کی کمپنی کے خلاف 1 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کے دعوے پر سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت آن لائن ٹیکسی کمپنی کی جانب سے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے درخواست کی کاپی کمپنی کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی اور 15 نومبر تک ان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزار خاتون نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی کہ کمپنی کو صارف کو تحریری معافی نامہ بھی دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار متاثرہ خاتون کے وکیل طاہر شبیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سفر کے دوران ڈرائیور نے خاتون سے نامناسب اور مجرمانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مسافر خاتون کو اپنی حفاظت کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگانا پڑی، کمپنی کسٹمر سپورٹ کو واقعے کی اطلاع دی، نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ بھی درج کروایا۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی جانب سے شکایت پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، ڈرائیور کی تربیت اور اس کے ریکارڈ کی تصدیق نہ ہونا کمپنی کی غلطی ہے۔