• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 4 ستمبر تک چین کے دورے پر روانہ ہو گئے، وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ہوگی، ملاقاتوں میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوگی۔

وزیراعظم خطے میں موجود ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور بڑھتی قدرتی آفات کے نئے چیلنجز پر روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے، فوجی پریڈ بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ پر ہوگی۔

ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر بات ہوگی۔وزیراعظم بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کا دورہ قیادت سطح کے تبادلوں کا حصہ ہے،  پاکستان اور چین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت جاری رکھیں گے، دورے میں سی پیک فیز ٹو پر پیشرفت اور اہم علاقائی و عالمی امور پر بات ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید