وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کا ہم کئی دہائیوں بعد سامنا کر رہے ہیں، ہم سب پنجاب کے عوام کو جواب دہ ہیں، سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
پنجاب میں سیلاب کی صورتِ حال اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق جائزہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشوں اور بھارت کےپانی چھوڑنے سے صورتِ حال خراب ہوئی، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا بر وقت انخلاء یقینی بنایا گیا، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 6 لاکھ متاثرین، ساڑھے 4 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سیلاب کے دوران پوری ٹیم کی کارکردگی لائقِ تحسین ہے،
مریم نواز نے کہا کہ مزید اضلاع میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر بر وقت انخلاء یقینی بنایا جائے، ملتان، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں پیشگی انتظامات یقینی بنائیں، ریلیف آپریشن پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، ڈرونز کے ذریعے شناخت کریں کہ لوگوں کو کہاں مدد کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات سے آبادیوں کو بچانے میں مدد ملی، پہلا مرحلہ لوگوں کو بچانا تھا جس میں کامیاب ہوئے، پانی کی نکاسی کے بعد مواصلاتی نظام کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص خود کو تنہا نہ سمجھے، ہر ضرورت مند تک مدد پہنچنی چاہیے، متاثرین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، متاثرین کے لیےصاف پانی، کھانے، ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، متاثرین کے لیے اسکولوں کی عمارتوں کو بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔