ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پروونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیانے کہا ہے کہ ہر گزرتے گھنٹے ریلیف کیمپس کا نمبر بڑھ رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ 1988ءکے بعد سے لاہور سے پانی کا بہت بڑا ریلا شاہدرہ سے گزرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالہ ڈیک کا آؤٹ فال بھی راوی میں آکر گرتا ہے، مزید 35 ہزار کیوسک پانی اس میں شامل ہوا ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ اس وقت تقریباً 2 لاکھ31 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، ایک سے سوا لاکھ کیوسک پانی راوی سے چناب میں ملے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب راوی کا پانی چناب سے ملے گا تو تقریباً 8 سے ساڑھے 8 لاکھ کیوسک پانی ملتان سے گزرے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ملتان میں ہیڈ محمد والا کی گنجائش 8 لاکھ کیوسک ہے، ہر گزرتے گھنٹے میں ریلیف کیمپس کا نمبر بڑھ رہا ہے۔