• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کواڈ سمٹ کے لیے رواں سال کے آخر میں اپنا طے شدہ دورۂ بھارت منسوخ کیا ہے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہا جا رہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔

امریکی اخبار کی ’نوبل انعام اور ایک تلخ فون کال: ٹرمپ مودی تعلقات کیسے بگڑے؟‘ کے عنوان سے شائع رپورٹ میں ٹرمپ کے شیڈول سے واقف افراد کا حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم مودی کو یہ بتانے کے بعد کہ وہ کواڈ سمٹ کے لیے اس سال کے آخر میں بھارت کا سفر کریں گے، اب امریکی صدر ٹرمپ کا خزاں میں دورے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اس سال کے آخر میں کواڈ سمٹ کی میزبانی کرنے والا ہے، اس سے قبل جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے کواڈ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کی تھی، یہ اجلاس ٹرمپ کے دوسری مدت کے لیے حلف اٹھانے کے صرف ایک دن بعد ہوا تھا۔

تعلقات کیوں خراب ہوئے؟ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم مودی مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان 4 روزہ تنازع کو حل کرنے کے ٹرمپ کے بار بار کے بیان پر برہم تھے، یہ ایسے دعوے ہیں جنہیں نئی دہلی نے مسلسل مسترد کیا ہے۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بھارت پاکستان جنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے بار بار کے بیان نے مودی کو شدید غصہ دلایا اور یہ تو صرف شروعات تھی، مودی ٹرمپ کے ساتھ اپنا صبر کھو رہے تھے جو اس گرم جوشی کے بالکل برعکس ہے جو دونوں رہنماؤں نے کبھی عوامی طور پر 2020ء میں ہیوسٹن میں ’ہاؤڈی مودی‘ ریلی اور احمد آباد میں ’نمستے ٹرمپ‘ جیسی تقریبات کے دوران دکھائی تھی۔

اب تک اس مبینہ منسوخی پر وائٹ ہاؤس یا بھارت کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کوئی سرکاری تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے 3 دہائی پرانے بھارت امریکا رومانس کو ختم کر دیا۔

تقریباً تین دہائیوں تک دونوں جماعتوں کے امریکی صدور نے نئی دہلی کو ابھرتے ہوئے اتحادی کے طور پر دیکھا اور بڑے مقاصد کی خاطر اختلافات کو نظر انداز کرتے رہے، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تجارتی یلغار سے اچانک اس روش کو بدل دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق مودی کا دورۂ چین امریکا بھارت تعلقات میں دراڑ ڈالنے کا موقع ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید