جیکب آباد/گمبٹ/سجاول (نامہ نگاران) تحصیل گڑھی خیرو کے قریب پرانی دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ تاجو دیرو کی حدود اوٹھا موڑ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے چنگچی رکشہ پر سوار افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی فائرنگ کے نتیجے میں35سالہ خالد ملغانی اور 15 سالہ ریاض ملغانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رکشہ ڈرائیور احسان بھنڈ اور نہال ملغانی شدید زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خروس اور ملغانی برادری کے درمیان دیرینہ تنازعے کے باعث پیش آیا ہے، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ مولا داد تھانے کی حدود مری واہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے گاؤں بشام جکھرانی کے رہائشی نوجوان عطاء محمد گورشانی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔