اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل خصوصی ڈویژن بنچ نے ٹیکس مقدمات کی سماعتوں کا آغاز کر دیا۔گذشتہ روز ٹیکس کیسز کی سماعت کے دوران قمر افضل ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور کہا کہ میں تو 9 بجے سے ایک گھنٹہ انتظار کر کے واپس چلا گیا تھا، ہمیں تو بہت زور دے کر کہا گیا تھا کہ 9 بجے عدالت میں پہنچنا ہے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے زور دے کر 9 بجے کا کہا تھا؟ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ہمیں نہیں بتایا گیا کہ ہم نے 9 بجے ڈی بی کرنی ہے، ہم نے پوچھا کہ کوئی نوٹیفکیشن ہے کہ ہم نے 9 بجے ڈی بی کرنی ہے؟ ہم فارغ ہی بیٹھے تھے لیکن 9 بجے ڈی بی نہیں کر سکتے تھے۔