وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقاتوں کا احوال سامنے آگیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف، پیوٹن اور شی جن پنگ سے ملاقاتوں کی اہم تفصیلات بتادیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی صرف سیلفیاں لیتے رہے، شاید وہ امریکا کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے لیے چین نے 5 کوریڈورز کی نشاندہی کی ہے، اب ہمارا فوکس زراعت، انڈسٹری اور مائننگ پر ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ چین کی ایک کمپنی مزید 1 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کی آئی ٹی ٹریننگ شروع کررہی ہے، سی پیک فیز ٹو کا اب فوکس چین کی انڈسٹریل انویسٹمنٹ پر ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور روس سمجھتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہا ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہماری کارروائیوں کو چین نے سراہا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے امن کے لیے جنگ لڑ رہا ہے، فیلڈ مارشل کی جو پذیرائی امریکا میں ہے وہی چین میں بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، روسی صدر نے بھی ملاقات کی، چینی صدر نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے برابر کوئی نہیں۔