• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں، گاڑیاں ڈوب گئیں

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش بھارہ کہو کے علاقے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سیکٹر جی الیون میں سڑکیں تالاب بن گئیں، کئی گاڑیاں ڈوب گئیں۔

موسلا دھار بارش کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی زیرآب آگیا، بارش کے باعث بنی گالہ، سری نگر ہائی وے پربھی پانی آگیا، جی ایٹ مرکز میں بھی گاڑیاں ڈوب گئیں۔

ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ  راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد کے علاقے سید پور40 ملی میٹر، گولڑہ میں 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی میں شمس آباد کے مقام پر 25 ملی میٹر، پیرو دھائی35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کٹاریاں پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 13 گوالمنڈی پر 4 فٹ ہے،  واسا ہائی الرٹ اور رین ایمرجنسی نافذ ہے، عملہ و ہیوی مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارش کو پوری طرح مانیٹر کر رہے ہیں، تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں، کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی، نالہ لئی کے اطراف اہائی الرٹ جاری کردیا گیا، پانی کی سطح بلند ہونے پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ  کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کے قریب آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے،  ریسکیو 1122 نالہ لئی کے قریب اہم مقامات پر تعینات ہیں۔

قومی خبریں سے مزید