دنیا کے سفر پر نکلنے والے بھارتی بائیکر کی بائیک برطانیہ میں چوری ہوگئی، ممبئی سے تعلق رکھنے والا بائیکر یوگیش الیکاری تنہا دنیا کا سفر کرنے کیلئے نکلا تھا کہ گزشتہ روز برطانیہ میں اس کی بائیک چوری ہوگئی۔
یکم مئی 2025 کو اس نے یہ سفر شروع کیا اور صرف 118 دنوں میں 17 ممالک سے گزرتے ہوئے 24 ہزار کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کیا۔ اس کا اگلا ہدف افریقہ تھا، مگر یہ خواب اچانک برطانیہ جا کر بکھر گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 31 اگست کو یوگیش ناٹنگھم (انگلینڈ) میں اپنے ایک دوست کے ساتھ ناشتے کے لیے گیا تھا، اسی دوران اس کی مکمل طور پر لدی ہوئی موٹر سائیکل جس پر پاسپورٹ، رقم، سفری دستاویزات اور الیکٹرونک سامان موجود تھا، چار افراد نے دن دیہاڑے چرا لی۔
جس کے بعد بھارتی بائیکر یوگیش نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فالوورز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کو پھیلائیں تاکہ پولیس حرکت میں آئے۔
بھارتی بائیکر کا کہنا تھا کہ اسے سب سے زیادہ فکر پاسپورٹ اور دستاویزات کی ہے، کیونکہ ان کے بغیر نہ وہ سفر جاری رکھ سکتا ہے اور نہ ہی محفوظ طریقے سے وطن واپس جا سکتا ہے۔
برطانوی پولیس کی جانب سے بائیک چوری کی تفتیش کی جارہی ہے، مگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔