کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں 13 کروڑ روپے ڈکیتی کے الزام میں گرفتار 4 ملزمان میں سے ٹک ٹاکر سمیت 2 کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے 13 کروڑ روپے ڈکیتی کے مقدمے میں 4 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے شہروز اور ٹک ٹاکر نمرہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ تاہم ٹک ٹاکر یسریٰ اور اس کے بھائی شہریار کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔
استغاثہ کے مطابق ملزمہ یسریٰ ٹک ٹاکر اور انسٹا انفلوئنسر تھی۔ یہ دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
واضح رہے کہ ڈکیتی کی واردات 26 جون کی رات ہوئی تھی۔ جب مبینہ طور پر 4 ملزمان نے کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں تاجر کے گھر میں گھس کر 13 کروڑ کی ڈکیتی کی تھی۔ ملزمان کیخلاف تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔