نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر راس ٹیلر دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
اس مرتبہ راس ٹیلر نیوزی لینڈ نہیں بلکہ سموا (Samoa) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ایشیا ای اے پی کوالیفائیر میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
راس ٹیلر آئی سی سی قوانین کے مطابق رواں برس کے اوائل میں سموا کی نمائندگی کے اہل ہو گئے تھے۔ وہ اپنی والدہ کی وجہ سے ساموائی پاسپورٹ بھی رکھتے ہیں۔
سموا ایسٹ ایشیا پیسفک ریجنل کی 9 ٹیموں میں شامل ہے جو ایشیا کوالیفائر کھیلیں گی۔ عمان میں ہونے والے گروپ مرحلے میں سموا کی ٹیم عمان اور پاپوا نیو گنی کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
اس حوالے سے راس ٹیلر نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کر کے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اب میں کرکٹ میں سموا کی نمائندگی کر رہا ہوں، میری واپسی میری کھیل سے محبت کا ثبوت ہے۔
راس ٹیلر نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے بڑا اعزاز ہے کہ میں اپنے ورثے، ثقافت، گاؤں اور فیملی کی نمائندگی کر رہا ہوں، میں پُرجوش ہوں کہ مجھے کھیل کے لیے کچھ کرنے کا پھر موقع مل رہا ہے۔
یاد رہے کہ راس ٹیلر نے 112 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 102 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے اپریل 2022 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔