گلگت بلتستان کے ضلع استور میں آلودہ پانی پینے کے سبب متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
استور کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال عیدگاہ، گوریکورٹ سمیت مختلف اسپتالوں میں مریض زیرِ علاج ہیں، 6 دن کے دوران ایک ہزار کے قریب افراد اب تک مختلف اسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اویس عباسی کا کہنا ہے کہ متاثرین میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے، ضلع بھر میں متعدد اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے سے عارضی کیمپ لگائے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق راما واٹر سپلائی لائن میں لیکج کے باعث مختلف مقامات پر گندگی شامل ہونے سے پانی آلودہ ہوا، راما واٹر سپلائی اسکیم سے ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت 6 شہری علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔