وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے اعلیٰ ترین اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔
محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ وہ ساعتِ نور ہے جب آسمان کے دروازے کھلے، زمین پر رحمتیں نازل ہوئیں، صادق و امین بن کر آپ ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت و ایمانداری کا چراغ روشن کیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حضور کریم ﷺ نے مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلاموں، یتیموں اور کمزوروں کے حق میں آپ ﷺ کی رحمت قیامت تک کے نظامِ عدل کا ستون ہے، فتح مکہ کے دن دشمنوں کو معاف کر کے آپ ﷺ نے انسانیت کو نئی معراج عطا کی۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اسوہ حسنہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنا ہوگا۔