• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں جشن میلاد النبیؐ شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

رحمت للعالمین خاتم النبیین ہادی عالم نبی کریم حضرت محمد ﷺ کا 1500 واں جشن میلاد النبیؐ شایان شان طور پر انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر شہر، گلی گلی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ مساجد  سمیت بلند عمارتوں بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔

ملک بھر میں درود و سلام کی محفلیں آقائے دو جہاں سے محبت کے اظہار کیلئے منعقد کی جارہی ہیں۔

عید میلادالنبی ﷺ پر نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ 

جشن صبح بہاراں کا آغاز پر مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعا ئیں مانگی اور  مساجد میں نماز فجر کے بعد بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے کیا گیا۔

کراچی میں جماعت اہلسنّت کے تحت مرکزی جلوس 3؍بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔

جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ ٹھیک 5؍بجے شام نشتر پارک میں علامہ شاہ عبد الحق قادری کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں جید علمائے کرام خطاب و قرار دادیں پیش کرینگے، نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں ہی ادا کی جائے گی۔

کراچی میں مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کے ایک ہزار رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دینگے، جماعت اہلسنّت اور دیگر سنّی تنظیمات و میلاد انجمنوں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ اور شہر کے مرکزی مقامات پر بھی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ 

جشن میلاد النبیؐ کی مناسبت سے سنی تحریک، تحریک لبیک سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے تحت بھی جلوس برآمد ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید