بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کے سامنے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے میئر اندور پُشپمتر بھاگرو کے بیٹے سنگھمتر بھاگرو نے حکومت کے پول کھول کر رکھ دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اندور میں دیوی اہلیہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں ایک مباحثے کے دوران بی جے پی میئر پُشپمتر بھاگرو کے بیٹے سنگھمتر بھاگرو نے حکومت پر کھلے عام کرپشن اور وعدہ خلافی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ان کی تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر کانگریسی رہنما نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’بہترین مقرر‘ قرار دے دیا۔
میئر اندور کے بیٹے سنگھمتر نے بلٹ ٹرین منصوبے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اربوں روپے خرچ ہوئے، زمین کے حصول میں گھپلے ہوئے، لیکن بلٹ ٹرین پاور پوائنٹ پریزنٹیشن سے آگے نہیں بڑھ سکی۔
اپنی تقریر میں انہوں نے ریلوے میں حفاظت کے لیے متعارف کروائی گئی ٹیکنالوجی پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہی 20 ہزار سے زیادہ لوگ ٹرین حادثات میں جان گنوا بیٹھے، جب ٹرین پٹری سے اترتی ہے تو صرف ڈبے نہیں ٹوٹتے، ماؤں کی گودیں اجڑتی ہیں، بچوں کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے اور بوڑھے والد کی آخری امید چھن جاتی ہے۔
سنگھمتر بھاگرو کا کہنا ہے کہ حکومت نے 400 اسٹیشنوں کو ایئر پورٹ جیسی سہولتیں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک صرف 20 اسٹیشن تیار ہوئے ہیں، وہ بھی شکایات کے ساتھ کہ پانی مہنگا ہے اور ہجوم جوں کا توں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 2022ء کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق اسٹیشنوں کی تعمیر کے لیے منظور شدہ 1.25 لاکھ کروڑ روپے میں سے 80 فیصد منصوبے ادھورے ہیں اور بجٹ کا بڑا حصہ سیکیورٹی پر خرچ کیا گیا، جبکہ 2020ء کی اکنامک ٹائمز رپورٹ کے مطابق 300 کروڑ روپے کی کیٹرنگ کا ٹھیکہ ایک ہی کمپنی کو دیا گیا۔
میئر اندور کے بیٹے کی تقریر کی اس تقریب میں موجود وزیرِ اعلیٰ مدھیہ پردیش ڈاکٹر موہن یادو نے بھی تعریف کی اور اسے ایک بہادر نوجوان قرار دیا۔