پرووینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا بتانا ہے کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 19ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان عرفان علی کاٹھیا کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے، دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 90 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 84 ہزار کیوسک ہے۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 47 ہزار کیوسک ہے، ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ہیڈ سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 23 ہزار کیوسک ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے راوی اور دریائے ستلج میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 32 دیہات کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی چھٹیوں میں 8 تا 14 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔