چند ویوز کی خاطر نوجوان چلتی ٹرین کے نیچے لیٹ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو یہ شدید تنقید کی زد میں آگیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جسے بھارتی میڈیا کے پیج کی جانب سے شیئر کیا گیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں ایک نوجوان انسٹا ریل کے چند ویوز کی خاطر اپنی جان خطرے میں ڈالنے سے بھی باز نہیں آیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا کہ ایک نوجوان ریل کی پٹریوں پر بٹھا ٹرین کے قریب آنے کا انتظار کر رہا ہے جبکہ ویڈیو ریکارڈ کرنے والا شخص نوجوان کو لیٹنے کا کہنا ہے، جس پر نوجوان تیز رفتار ٹرین کے قریب آتے ہی پٹریوں پر پیٹ کے بل لیٹ جاتا ہے اور ٹرین تیزی سے اس کے اوپر سے گزر جاتی ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ جوں ہی ٹرین اس کے اوپر سے گزرتی ہے وہ شخص ہنستا ہوا کھڑا ہوجاتا ہے۔ تاہم نوجوان کو اس دوران کوئی نقصان نہیں پہنچا مگر مذکورہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
صارفین نوجوان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چند ویوز اور لائکس کی خاطر آج کل لوگ کچھ بھی کرنے سے پہلے سوچتے نہیں ہیں جبکہ بعض صارفین کے مطابق نوجوان کی ویڈیو کو دیکھ کر دوسرے کم عمر لڑکے بھی متاثر ہوں گے اور ایسا کرنے کی کوشش کریں گے جو کہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔