• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس 5 فیصد کردیا جائے تو ہر شخص ٹیکس دے گا، سینیٹر دلاور خان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سینیٹر دلاور خان نے تجویز دی ہے کہ ٹیکس 5 فیصد کردیا جائے تو ہر شخص ٹیکس دے گا۔

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں ورچوئل ایسیٹ بل 2025ء پر غور کیا گیا۔

سیکریٹری خزانہ امداد اللّٰہ بوسال نے کہا کہ ورچوئل ایسیٹ کی کوئی ریگولیشن نہیں تھی، حکومت ورچوئل ایسیٹس میں شفافیت اور ریگولیشنز لارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بل میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ کوئی منی لانڈرنگ تو نہیں ہورہی۔

دوران اجلاس سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ آج ہم ٹیکس سے متعلق نئے تجربات کررہے ہیں، سپر ٹیکس، سیلز ٹیکس اور پتہ نہیں کون کونسے ٹیکس لگادیے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر 5 فیصد ٹیکس لگایا جائے تو ہر شخص ٹیکس دے گا، ٹیکس کی موجود شرح کو کم کریں تو 40 فیصد زیادہ ٹیکس آئے گا۔

جے یو آئی کے سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ یکساں 5 فیصد ٹیکس پورے ملک پر عائد کیا جائے تو ٹیکس وصولی بڑھے گی، ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے تو نئے ایڈونچرز کرنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید