راولپنڈی (ساجد چوہدری ،اپنے نامہ نگار سے) پنجاب بھر میں گذشتہ مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے اضلاع میں راولپنڈی ڈویژن سے اٹک اور چکوال بھی شامل ہیں ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکاٹکس کنٹرول پنجاب اکرم اشرف گوندل نے گذشتہ روز ریکوری میں ٹاپ فائیو اضلاع کے ای ٹی اوز کو تعریفی اسناد دیں، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن تنویر عباس گوندل کے مطابق ضلع چکوال کی گذشتہ مالی سال کی ٹیکس ریکوری 104فیصد جبکہ ضلع اٹک ایکسائز آفس کی ریکوری 100فیصد رہی ، انہوں نے بتایا کہ پورے پنجاب میں راولپنڈی ڈویژن ایکسائز ڈائریکٹوریٹ کے دو اضلاع کا پہلی تین پوزیشن میں آنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ رواں مالی سال کے دوران بھی ٹیکس ریکوریوں کو مزید بہتر بنایا جائے ، انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پراپرٹی ٹیکس کے چالان ٹیکس دہندگان کو بھجوانے کا عملہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ جن جائیدادوں کے مالکان کے ذمہ پراپرٹی ٹیکس کے بقایا جات ہیں ، ہر انسپکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے سرکلز میں پانچ پانچ جائیدادیں سربمہر کرنا ہونگی ۔