چین میں عوامی واش رومز میں مفٹ ٹوائلٹ پیپر حاصل کرنے کے لیے اشتہارات دیکھنا لازمی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں اسمارٹ ٹوائلٹ پیپر ڈسپنسر کی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں جن میں لوگوں کو عوامی واش رومز میں ٹوائلٹ پیپر کی پٹیاں حاصل کرنے کے لیے مختصر اشتہارات دیکھنے پڑتے ہیں۔
جب سے چین نے قومی سیاحت کے اپنے نئے عروج کا دور شروع کیا ہے، اس نے ٹوائلٹ پیپر کے ضیاع کو روکنے کے لیے شاندار طریقوں سے تجربات کیے ہیں۔
2017ء میں بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے فیشل اسکینرز کے تعارف کی اطلاع دی تھی جو ٹوائلٹ پیپر ڈسپنسرز سے منسلک تھے جو ہر اسکین پر صرف 60 سینٹی میٹر لمبی کاغذ کی پٹی مفت پیش کرتے تھے، یا ہر 9 منٹ بعد ٹوائلٹ پیپر کی یہ پٹی دیتے تھے۔
یہ نظام مشہور سیاحتی مقامات پر نافذ کیا گیا تھا جہاں لوگ اس خوف سے زیادہ سے زیادہ ٹوائلٹ پیپر لے لیتے تھے کہ بعد میں واپس آنے پر شاید انہیں کچھ نہیں ملے گا۔
2019ء میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی تو ٹوائلٹ پیپر ڈسپنسرز نے ہر 10 منٹ میں فی انفرادی صارف کو مفت ٹوائلٹ پیپر کی پٹیاں تقسیم کرنا شروع کیں۔
اب ٹیکنالوجی اس سے بھی آگے بڑھ چکی ہے اور اب ایسے نئے ڈسپنسرز آ گئے ہیں جو مختصر اشتہار دیکھنے کے بعد ہی تھوڑی مقدار میں ٹوائلٹ پیپر فراہم کرتے ہیں۔