• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ٹرمپ نے قطری وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہوگا: امریکی مندوب

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی مندوب ڈوروتھی شے نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے قطری وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملوں کے معاملے پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ سے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

ڈوروتھی شے نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو یقین ہے کہ یہ امن کی جانب ایک موقع ہو سکتا ہے، امریکا یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا۔

امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا انسانی امداد کی فراہمی اور تنازع کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی مندوب باربرا ووڈورڈ نے کہا کہ برطانیہ قطر کے ساتھ غیرمتزلزل حمایت کا اظہار اور دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتاہے، دوحہ پر حملہ قطر کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوحہ پر حملہ علاقائی کشیدگی میں اضافے اور جنگ بندی مذاکرات کے لیے خطرہ ہے، حملے میں ہلاک قطری اہلکار کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔

برطانوی مندوب کا کہنا ہے کہ حماس تمام یرغمالیوں کو رہا اور سیز فائر ڈیل پر فوری دستخط کرے، حما غیر مسلح ہو، غزہ کے مستقبل میں حماس کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کا غزہ میں توسیعی آپریشن کا فیصلہ غلط ہے۔اسرائیل توسیعی آپریشن پر فوری طور پر نظرثانی کرے، قطر، امریکا اور مصر کی غزہ جنگ بندی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید