ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 57 ہزار گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق حکومتِ پنجاب کے زیرِ انتظام 21 اضلاع میں معیاری اور سستی رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ رہائش گاہیں صوبے بھر کی سرکاری زمینوں پر تعمیر کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے صوبے بھر میں 41 سائٹس کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ رہائش گاہیں آسان اقساط پر مستحق افراد کو دی جائیں گی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ یہ منصوبہ 5 سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔یہ رہائش گاہیں ورلڈ بینک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے تعمیر کی جائیں گی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ مزید بتایا کہ تعمیرات کے دوران معیار کی جانچ اور منصوبے کی نگرانی باقاعدگی سے یقینی بنائی جائے گی۔ منصوبہ صوبائی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔