• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارہویں جماعت آرٹس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت آرٹس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ 

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں IDA RIEU ہائر سیکنڈری اسکول فار بلائنڈ اینڈ ڈیف کے طالبعلم ہنس راج ولد مکیش کمار رول نمبر 938852 نے 1100 میں سے 953 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اقراء حفاظ گرلز سائنس کالج بلاک بی نارتھ ناظم آباد کی طالبہ انشرح بنت محمد امین رول نمبر 950006 نے 936 اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری جبکہ اسی کالج کی طالبہ سیدہ خضرا امیر بنت سید رزاق امیر رول نمبر 950012 نے 934 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 10 ہزار 55 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 9ہزار 488 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 3 ہزار 876 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 40.85 فیصد رہا۔

ان امتحانات میں 20 امیدوار اے ون گریڈ، 236 اے گریڈ، 793 بی گریڈ، 1353 سی گریڈ، 1328 ڈی گریڈ اور 146 ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے جبکہ 2 امیدوار پاس ہوئے۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ دیکھے جاسکتے ہیں۔

چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹر بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء میں مختلف گروپس کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو تقریب میں میرٹ سرٹیفکیٹ دیے گئے ہیں جبکہ جلد دیگر گروپس کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے انہیں بھی میرٹ سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔ تقریب میں طلبہ کے ساتھ والدین اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید