عسکری اور سیاسی قیادت کی ملاقات میں دہشتگردی کیخلاف حکمتِ عملی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بنوں کے دورے پر ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی بنوں پہنچ رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جائزہ لیا جائے گا۔
ادھر خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر تک 2 مختلف آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف وزیرستان میں بھی کارروائی کی جہاں 13 مزید خوارج کو ہلاک کردیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ ہلاک خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کے 12بہادر جوان شہید ہوئے۔