پراسرار فراری جیسی فارمولا ریس کار کا ڈرائیور چیک پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، جس کی پہلی اطلاع کار سواروں نے 6 سال قبل دی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2019ء میں چیک پولیس کو موٹر وے پر سرخ فارمولا ریس کار کے تیز رفتاری سے گزرنے کے بارے میں اطلاعات ملی تھیں۔
اس گاڑی کو نگرانی کے کیمروں نے بھی ریکارڈ کیا تھا اور حکام بالآخر مشتبہ ڈرائیور کا پتہ لگانے میں بھی کامیاب ہو گئے، لیکن چونکہ ڈرائیور ہمیشہ ویزر ہیلمٹ پہنے ہوتا تھا، اس لیے اس کی شناخت کرنا ناممکن تھا اس لیے اس کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا گیا۔
اگلے 6 سال تک یہ پراسرار ریس کار ڈرائیور ایک افسانوی کردار کی صورت اختیار کر گیا تاہم پولیس اس کی شناخت کرنے میں ناکام رہی۔
بالآخر گزشتہ اتوار قسمت نے پولیس کا ساتھ دیا جب سرخ ریس کار کو پراگ کے جنوب مغرب میں تقریباً 25 میل دور ڈوبریش کے قریب ایک گیس اسٹیشن پر دیکھا گیا۔
پولیس فینٹم ڈرائیور کا پیچھا کرتے ہوئے چیک دارالحکومت سے 37 میل دور بک گاؤں تک پہنچ گئی۔
مذکورہ ڈرائیور کی تاریخی گرفتاری کی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریس کار کو ایک اور گاڑی کے ذریعے ایک نجی جائیداد کی طرف کھینچا جا رہا ہے اور اس دوران پولیس اس کے تعاقب میں تھی۔
جب پولیس نے 51 سالہ شخص کو گاڑی سے باہر نکلنے کو کہا تو اس نے کہا کہ یہ اس کی ذاتی جگہ ہے اور پولیس وہاں آ کر قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے، چند منٹ کی بحث کے بعد وہ مقامی پولیس اسٹیشن جا کر سوالات کے جوابات دینے پر راضی ہو گیا۔
مشتبہ شخص نے پولیس کی جانب سے پوچھے گئے بیشتر سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا اور اس کے بیٹے نے مقامی رپورٹرز کو بتایا کہ وہ اور اس کا خاندان ان غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے جن کا پولیس ان پر الزام لگا رہی ہے۔
چیک پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس قسم کی ریسنگ کاریں قانونی طور پر سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وہ تکنیکی قانونی تقاضے پورا نہیں کرتیں، فارمولا کار کے کنارے تیز دھار ہوتے ہیں اور ان میں لائٹس، انڈیکیٹر لائٹس، نمبر پلیٹس یا دیگر اہم حفاظتی فیچرز نہیں ہوتے، فارمولا یا دیگر ایسی ریسنگ کار چلانا ناصرف ڈرائیور بلکہ دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے بھی خطرناک ہوتا ہے۔
پولیس کے مطابق اگر ڈرائیور قصوروار ثابت ہوا تو اسے 5 ہزار سے 10 ہزار چیک کرونا یعنی تقریباً 240 سے 480 امریکی ڈالرز جرمانے اور 6 ماہ سے 1 سال تک ڈرائیونگ پر پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔