پاکستانی اداکار فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ کی بھارت میں ریلیز روک دی گئی۔
بھارتی سرکاری ادارے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے فواد خان اور وانی کپور کی فلم کی ریلیز پر پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔
مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ فلم 26 ستمبر کو بھارت بھر میں نمائش کےلیے پیش کی جائے گی تاہم پی آئی بی نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ فلم عبیر گلال بھارت میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں فریدہ جلال، لیزا ہیڈن، ردھی ڈوگرا، سونی رازدان اور پرمیت سیٹھی شامل ہیں۔
پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی سخت کردی ہے اور عبیر گلال کے گانے بھی ہٹادیے گئے ہیں۔
رومانوی ڈرامہ فلم نے 9 مئی کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھا لیکن 22 اپریل کے پہلگام دہشت گردی واقعے کے بعد اس کی ریلیز روک دی گئی۔
دوسری طرف فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای )نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے اعلان کو دہرایا ہے۔