پشاور ہائی کورٹ میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے پاسپورٹ کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست کی رسید پر غلط نام لکھنے پر وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے وکیل نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا نام غلط لکھا گیا ہے جس سے میرے مؤکل کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
وکیل نے خط میں اپیل کی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کا نام غلط لکھنے اور غیر مجاز افراد کو رسید دینے پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس سے قبل خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈپور نے پاسپورٹ بلاک ہونے اور نام ای سی ایل سمیت مختلف لسٹوں میں ڈالنے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
انہوں نے عدالت سے پاسپورٹ بلاک کرنے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا اقدام غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔
اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ 9 مئی کے بعد سے آج تک میرا پاسپورٹ بلاک ہے، اگر جرگے میں افغانستان جانا پڑا تو کیسے جاؤں گا۔
پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاسپورٹ کے لیے اپلائی کیا ہے لیکن ابھی تک مجھے نہیں مل رہا، افغانستان میں جرگے میں شرکت کے لیے پاسپورٹ ضروری ہے۔