ڈیرہ غازی خان میں ندی سخی سرور کے سیلابی ریلے سے 500 قدیم سکے برآمد ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ندی سخی سرور سے 5 سو قدیمی سکے برآمد ہوئے ہیں، ملنے والے سکے مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے حوالے کیے۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ ملنے والے سکے صدیوں برس قدیمی ادوار کے ہیں، ریلے سے نکلنے والے نوادرات محکمۂ آثار قدیمہ کے حوالے کر دیے گئے۔
دوسری جانب ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں دھوندو والا بند ٹوٹنے سے پیدا ہونے والا شگاف 400 فٹ تک بڑھ گیا، شگاف پُر نہ ہونے کے باعث مزید کئی موضع جات زیرِ آب آ گئے۔
محکمۂ انہار کا کہنا ہے کہ مٹی کی کمی شگاف پُر کرنے میں آڑے آ رہی ہے۔
2 روز گزرنے کے باوجود متاثرین بے یار و مدد گار کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ پینے کا صاف پانی نہیں، کھانے کی کوئی چیز نہیں، جانور بھی مر رہے ہیں، ابھی تک ان تک کوئی امداد نہیں پہنچی۔
سیلاب شجاع آباد میں متاثرین کے لیے امتحان بن گیا، جن کا کہنا ہے کہ علاقے میں اس سے پہلے کبھی سیلابی پانی نہیں آیا۔