گزشتہ روز ایشیا کپ میں پیش آنے والے حالات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو تفصیلی خط لکھ دیا ہے۔
ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے، قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاجی خط ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے واقعہ کی روشنی میں لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا کہ ٹاس کے موقع شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے اس سے قبل پاکستان میڈیا مینجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق میچ کے اختتام پر مینجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اینڈریو رسل نے کہا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا کہ یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
احتجاجی خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی قوانین کا حوالہ بھی دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپرٹ آف دی گیم کو بار بار دھرایا ہے۔
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میچ ریفری نے اپنی ذمےداریوں کو نہیں نبھایا۔ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ اسپرٹ آف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے۔ پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے، جس پر اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانا چاہیے۔