بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ کئی مقدمات میں وکلاء کو انگیج کرنا چیلنج ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ٹوکیس کا ٹرائل تیزی سے چل رہا ہے، آج جو گواہ پیش کیے گئے ان پر سرکار کا پورا زور لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گواہان میں انعام شاہ جوہر کیس میں گواہی دیتے ہیں اور پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی شامل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ توشہ خان کیس میں قسطوں میں پراسیکیوشن ہو رہی ہے، کبھی ایک تحفہ تو کبھی دوسرا تحفہ سامنے لایا جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اتنے مقدمات میں وکلا کو انگیج کرنا چیلنج ہے، القادر کیس میں پوری گرمیاں ہم انتظار کرتے رہے ہیں۔ 7 ماہ ہوگئے، ہمارے کیسز ہائی کورٹ میں لگائے نہیں جاتے، القادر کیس میں ابھی تک تاریخ ہی نہیں دی گئی۔