• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ2025ء: پاکستان بھارت ’ہینڈ شیک‘ تنازع پر بی سی سی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ایشیا کپ 2025ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے بعد کھلاڑیوں میں مصافحہ نہ ہونے پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سلسلے میں گزشتہ اتوار ہونے والے میچ کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا تھا۔

اسی طرح دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی ٹیم کے ساتھ کوئی رسمی مصافحہ نہیں کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے۔

دوسری جانب اس معاملے پر اب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

بی سی سی آئی کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، کرکٹ کے قوانین میں کہیں بھی یہ لازمی نہیں لکھا کہ میچ کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے۔

بی سی سی آئی کے اہلکار نے خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ ہاتھ ملانا محض ایک خیرسگالی کے اظہار کی روایت ہے، یہ قانون نہیں ہے۔ اگر قانون میں اس کی وضاحت نہیں تو بھارتی ٹیم اس بات کی پابند بھی نہیں۔

پی سی بی کا سخت ردعمل

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا کہ کرکٹ بورڈ نے ناصرف اے سی سی بلکہ آئی سی سی میں بھی شکایت درج کروائی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ اور ’آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

پی سی بی نے مطالبہ کیا کہ اِنہیں فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید