• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی آرائش میں پردوں کا کردار بنیادی اور اہم نوعیت کا ہوتا ہے۔ آج کے زمانے میں پردوں کی کئی اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جن میں سے آپ اپنے بجٹ،ضرورت اور ذوق کے مطابق موزوں ترین ورائٹی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ایک گھر کے لیے پردے کئی لحاظ سے ضروری ہوتے ہیں، اگر گھر کی مجموعی تھیم کے مطابق درست کلر ، فیبرک اور ڈیزائن کے پردوں کا انتخاب کیا جائے تو یہ نہ صرف آپ کے گھر کی خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں بلکہ سردیوں میں آپ کے گھر کو گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھنے کا کام بھی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پردے گھر کی پرائیویسی کو بھی بڑھاتے ہیں۔

کمرے کے سائز، نوعیت اور استعمال کے مطابق کھڑکیوں کے لیے پردوں کا انتخاب کرنے سے پہلے منصوبہ بندی لازمی ہے۔ آپ کو کھڑکی کے لیے شٹر کی ضرورت ہے یا پھر سوئنگ، فولڈنگ اور سلائڈنگ کی؟ اس کے پردوں کے لئے رنگوں کا انتخاب؟ اس کے پردے ہلکے ہونے چاہئیں یا بھاری بھر کم؟ یہ سب وہ باتیں ہیں، جن کا کھڑکی نصب کرتے وقت تعین کر لینا ضروری ہوتا ہے۔

پردوں کا انتخاب

گھر کے کمروں کی پرائیویسی اور سجاوٹ کے نقطہ نظر سے یہ ضروری ہے کہ پردے مخصوص ضروریات کو پورا کرتے ہوں۔ اس کے بنیادی تکنیکی نکات یہ ہیں کہ آپ کو پردے کی اقسام کا انتخاب کرتے وقت کھڑکی کی شکل کو مدِنظر رکھنا ہوگا۔ کھڑکی کے طول و عرض کے مقابلے میں لمبائی اور کپڑے کی پیمائش کی ضرورت کے درمیان تناسب کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ 

مزید تکنیکی پہلوؤں میں جائے بغیر آپ کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کو پردے کا سائز کھڑکی کے سائز سے بڑا رکھنا ہوگا، یہ نہ صرف کمرے کی دلکشی بڑھائے گا بلکہ گھر کے درجہ حرارت کو بھی ایک خاص سطح پر برقرار رکھنے میں مددگار و معاون ثابت ہوگا۔

مختلف کمروں کے لیے مختلف پردے

لیونگ روم اور ڈائننگ روم میں، ان جگہوں کی خصوصیات اور ضروریات کے باعث وسیع پردے بہت اچھے لگتے ہیں۔ اگر کھڑکی کے لیے زیادہ جگہ دستیاب ہو تو ان جگہوں پر آپ پردے کے ساتھ ایک اورپردے کو یکجا کر سکتے ہیں۔

باورچی خانے کے پردے

باورچی خانے کے لیے پردے کا انتخاب کرتے وقت آپ کے پاس بہت سارے آپشنز موجود ہیں۔ تاہم ایک بات جو واضح ہونی چاہیے وہ یہ ہے کہ باورچی خانے میں کام کی نوعیت کے باعث یہاں لگائے جانے والا کسی بھی قسم کا پردہ جلدی خراب ہوجاتا ہے، اس لیے آپ کو ہر ممکن حد تک کوشش کرنی چاہیے کہ باورچی خانے کی کھڑکی کے لیے ایسے پردے کا انتخاب کریں جس کی صفائی ستھرائی نسبتاً آسان ہو۔

خواب گاہ کے لیے

ہم نے دیکھا ہے کہ پردوں کے معاملے میں لوگ زیادہ تر لاؤنج اور ڈرائنگ روم کے پردوں پر محنت کرتے ہیں۔ کیونکہ کچھ خواتین کا خیال ہے کہ ان ہی دو کمروں سے ان کے گھر کی شان ہوتی ہے اور مہمانوں کا قیام بھی اسی حصے میں ہوتا ہے۔ اس کے برعکس خواب گاہ کی حیثیت ذاتی ہوتی ہے، اگر آپ نے بھی یہی سوچ کر پردوں کے معاملے میں خواب گاہ کو نظرانداز کیا تو آپ کی اکتاہٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

کینوس، لیلن کےکپڑے والے پردے جدید بیڈروم کے لیے بہت مناسب ہیں۔ ایک کلاسک انداز کے لیے، ریشم یا ساٹن بہت اچھی طرح سے کام کرتا ہے۔

دورِ جدید کی کھڑکیاں

مغرب میں تو یہ رجحان اب روایت اختیار کرچکا ہے تاہم اب پاکستان میں بھی یہ رجحان بڑھ رہا ہے جس کے تحت کھڑکیوں کو چوڑا اوران کی لمبائی فلور کی سطح سے لے کر چھت تک رکھی جاتی ہے۔ ایسی کھڑکیاں ماحول دوست ہوتی ہیں اور وہاں توانائی کا استعمال بھی کم ہوتا ہے۔ 

ان گھروں کے فنِ تعمیر کو اپنے قدرتی ماحول سے رابطے میں رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایسی کھڑکیوں کے لیے پردوں کی بہت ساری چوائسز ہیں، جیسے بلائنڈزاور پینلز وغیرہ۔

اس سلسلے میں ہم آپ کو یہ بتا سکتے ہیں کہ اپنی خواب گاہ کو مزید خوبصورت بنانے اور پردوں کو مزید پرکشش بنانے کے لیے اس کے کپڑے پر جھالر نما ٹاپرز استعمال کی جا سکتی ہیں۔ اس سے کھڑکی کے دونوں اطراف پردے کی دل کشی میں اضافہ ہوگا۔

دالان میں

گھر کے دیگر حصوں میں جس طرح پردے کی اپنی اہمیت ہے، اسی طرح گھر کے دالان میں بھی کھڑکی اور پردوں کو شامل کیا جانا چاہیے، تاکہ وہاں سے دالان میں سورج کی دھوپ کو داخل ہونے کی جگہ مل سکے۔ 

آج کل مارکیٹ میں سفید دودھئیے رنگ کے شیشے بھی دستیاب ہیں جو غیرشفاف ہوتے ہیں اور ان کا اثر ٹھنڈا ہوتا ہے، دالان کی کھڑکی کے لیے اس شیشے کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے، تاکہ جب کھڑکی بند ہو، اس وقت بھی دھوپ اندر آتی رہے۔ 

اس قسم کے ونڈو گلاس پر سفید رنگ کے شفاف کپڑے کا پردہ بہت جچے گا اور اگر کھڑکی کے چاروں اطراف چوک کو کنٹراسٹ کا کھِلتا ہوا رنگ کردیا جائے تو یہ کھڑکی ایک زبردست منظر پیش کرے گی، جو آپ کی شخصیت کا عکاس ہوگا۔

آرائش خانہ سے مزید
تعمیرات سے مزید