عید ایک ایسا روایتی مذہبی تہوار ہوتا ہے کہ جس کا نام سُنتے ہی سب کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ نئے کپڑے، نئے جوتے، تحفے تحائف، میٹھی میٹھی مزے دار ڈشز، کئی پُرانی اشیاء کی جگہ نئی دیدہ زیب چیزوں کی خریداری وغیرہ وغیرہ۔ یہ ساری چیزیں عید کا لطف اور مزہ دوبالا کردیتی ہیں۔ اس کے علاوہ، عید، گھر کو نیاپن اور تازگی دینے کا بھی ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔گھر کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بناتے وقت آپ کا دل چاہے گا کہ ہر وہ چیز جو آپ کو پسند آئے، اسے لاکر اپنے گھر میں سجا دیں۔ تاہم ایسا کرنا ناصرف آپ کے بجٹ پر بہت بھاری پڑے گا بلکہ یہ بات بھی نہ بھولیں کہ محض زیادہ سے زیادہ سامان بھر دینے سے گھر کی دیدہ زیب سجاوٹ کبھی نہیں ہوتی۔ اصل خوبصورتی اس وقت آتی ہے جب سامان ترتیب سے رکھا جائے۔ اس لیےاگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ چیزیں خریدیں گے تو گھر بھی سج جائے گا اور خوب صورت بھی لگے گا۔ تو پھر آئیے اس عید پر ’کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش‘ کے کچھ منفرد خیالات پر نظر ڈالتے ہیں۔
باورچی خانہ
باورچی خانہ کو ہر وقت تروتازہ رکھنے کے لیے ایک بات کو اپنے معمول میں شامل رکھیں کہ برتن صاف کرنے والا اسفنج جیسے ہی خراب ہونے لگے، اسے نئے کے ساتھ تبدیل کردیا کریں۔ اگر آپ کو کچن کیبنٹس پُرانے لگ رہے ہیں تو، تبدیل کرنے کے بجائے انھیں دوبارہ پینٹ کرنےیا ان کی بالائی شیٹ تبدیل کرنے سے بھی آپ مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ مزید یہ کہ بوسیدہ اور ناکارہ چیزوں کو باورچی خانہ سے ہٹائیں اور اسے کشادہ، دلکش اور خوبصورت انداز میں ترتیب دیں۔
ہال کی تزئین و آرائش
گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کا ہال یا انٹرنس روم ہوتا ہے، جس کی سیٹنگ اور ڈیکورشن مہمانوں کو سب سے پہلےمتاثر کرتی ہے۔ ایک منفرد انداز کا فرنیچر آپ کے اس ہال کے لیے ضروری ہے۔ فرنیچر ہال کی دیوار کے ساتھ رکھیں اور کمرے میں متضاد کلرز استعمال کریں۔ روشنی کے لیے لائٹ کا عمدہ انتظام ہال کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور یہ ایک بہترین ویلکم روم ہو گا۔ کوشش کریں کہ ہال میں آپ کے جوتے اور چابیاں رکھنے کے لیے بھی ایک جگہ مختص ہو۔
ڈرائنگ روم
عید کے موقع پر آپ کا ڈرائنگ روم سب سے زیادہ استعمال میں آتا ہے اور آپ کے گھر کا یہی حصہ مہمانوں کے سامنے سب سے زیادہ رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو سب سے زیادہ توجہ بھی ڈرائنگ روم کی تزئین و آرائش پر ہی دینی چاہیے۔ ڈرائنگ روم کے لیے صرف پردے اور فرنیچر ہی کافی نہیں ہوتے، بلکہ مختلف قسم کی نمائشی اشیاء (شوپیس) ڈرائنگ روم کی رونق کو چار چاند لگانے کے لیے ضروری ہیں۔ مختلف قسم کے شو پیس مارکیٹ اور بازار میں باآسانی اور کم قیمتوں پر دستیاب ہوتے ہیں۔ چاہیں تو کئی شو پیس آئٹمز آپ آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔
حسین خواب گاہ
خواب گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے آپ مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کرسکتے ہیں: (1بیڈ پر رکھنے کے لیے دیوار کے ہم رنگ تکیوں کو استعمال کریں۔ یہ بیڈروم کی خوبصورتی میں اچھا اضافہ ہوگا۔ 2)کسی بھی خواب گاہ میں روشنی کا مناسب انتظام کرنا بہت ضروری ہے اور اگر اس کے لیے چھوٹے چھوٹے بلبوں کے ساتھ مرکز میں ایک جدید طرز کے فانوس کو لگایا جائے تو روشنی کے ساتھ اس کی خوبصورتی کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔3) بیڈ کے دونوں طرف لیمپ کا استعمال خوبصورت لگتا ہے۔4) سونے کے کمرے میں بیڈ کے ساتھ، میچنگ اسٹول اور کرسی رکھنے سے نا صرف اس میں بیٹھنے کے لیے جگہ کا انتظام ہو گا بلکہ اس سے کمرہ خوبصورت بھی لگے گا۔5)پورے کمرے میں خوبصورت اور ہلکے پردوں کا استعمال کیجیے۔ یہ آپ کے بیڈروم کو بہت خوبصورت بنادے گا۔
بچوں کا کمرہ
بچے عید کا سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، اس لیے جب آپ عید پر گھر کی تزئین و آرائش کا سوچیں، تو بچوں کے کمرے پر خاص توجہ دیں۔ آپ بچوں کی عمر کے لحاظ سے پیلا،نیلا،سبز یا اور کوئی شوخ رنگ منتخب کر سکتے ہیں۔ کمرے میں زیادہ فرنیچر نہ رکھیں تاکہ بچوں کو چہل پھل، کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے کھُلی جگہ زیادہ سے زیادہ دستیاب ہوسکے۔ مزید یہ کہ، جو مٹیریل بچوں کے کمرے میں استعمال ہو، وہ اس قسم کا ہو کہ اس کی صفائی کرنا آسان ہو۔ بہتر ہےکہ بچوں کے کمرے میں چیزیں رکھنے کے لیے آپ اچھے مٹیریل کی با سکٹس یا کپڑ ے کے بیگ استعمال کریں۔ ان کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ان چیزوں کو لٹکا بھی سکتے ہیں۔
پھول، موم بتیاں اور دیگر تفصیلات
چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول، پودے، موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوش گوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔آپ ان آرائشی اشیاء کو گھر میں کرسی، صوفے، ٹیبل، روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں، سجاسکتے ہیں۔ نتائج حیران کن ہوں گے۔