گھر میں موجود کچھ چیزیں دکھنے میں بے حد سادہ لیکن کارآمد ہوتی ہیں بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ان کی موجودگی معمولی ہے، اگر یہ گھر میں نہ بھی ہوں تو کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا لیکن ایک لمحے کے لیے بھی اگر ان چیزوں کے بنا گھر میں اسٹوریج یا ڈیکوریشن کا تصور ہی کرلیا جائے تو بے حد مشکل لگنے لگتاہے۔شیلف گھر کی ایک ایسی ہی اہم ضرورت ہے جو دکھنے میں لکڑی کے تختوں سے بنے اور سادہ سے ہوتے ہیں لیکن جب ان میں رکھا سامان حفاظت کے ساتھ ساتھ سجاوٹ بھی محسوس ہونے لگے تو ان شیلف کی قدروقیمت کا اندازہ ہونے لگتا ہے۔
یہ گھر کے کسی بھی کمرے میں موجود ایک ایسا کارآمد اور آرائشی سامان ہے جو آپ کو ایک طرف اسٹوریج تو دوسری طرف اشیاء کی حفاظت کا سامان مہیا کرتا ہے۔انھیں سامان رکھنے ،کسی جگہ کو تقسیم کرنے ،سجاوٹ کرنے اور دوسرے اہم مقاصد کے طور پر استعمال کیا جاسکتاہےیہ استعمال کیسے کرنا ہے اور گھر کے کن حصوں میں کرنا ہے آج ہمارا موضوع یہی ہے ۔۔۔آج ہم اپنے قارئین سے شیلف کے ذریعے گھر کی جدیدسجاوٹ اور اسٹوریج سے متعلق آئیڈیاز پر روشنی ڈالیں گے اور شیلف کے ان ٹرینڈ کا ذکر کریں گے جو دوران سجاوٹ یا اسٹوریج آپ کا انتخاب بن سکتے ہیں۔
لائبریری شیلف
لائبریری شیلف کلاسیکل طرز پر بنے لکڑی کے شیلف ہوتے ہیں جن میں کتابیں ،ڈیکوریشن پیسزاور جو بھی سامان آپ رکھنا چاہیں انھیں رکھنے کے لیے مختلف سیکشن موجودہوتے ہیں۔ یہ فرش سے چھت تک کی لمبائی میں ہوتے ہیں جو کمرے کی ایک دیوار پر نصب کیے جاتے ہیں اور کمرے کی سجاوٹ پر خاصے اثر انداز ہوتے ہیں۔تاہم لائبریری شیلف کے ذریعے سجاوٹ سے متعلق سب سے اہم سوال یہ ہوتا ہے کہ اسے رکھا کہاں جائے ؟اس کے لیے ماہرین لیونگ روم کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ گھر میں لیونگ روم خاصا بڑا کمرہ ہوتا ہے اس لیے اگر ایک دیوار لائبریری شیلف کے لیے مختص کر بھی دی جائے تو کمرہ چھوٹا نہیں لگے گا ۔لائبریری شیلف میں سیکشن اپنی مرضی کے بنوانے کے ساتھ اس میں ٹی وی بھی بآسانی رکھا جاسکتا ہے لیکن چونکہ ان دنوں ایل ای ڈی کا دور ہے چنانچہ لائبریری شیلف میں ٹی وی کا رواج پرانا ہوگیا ہے اور اب یہ شیلف کتابوں اور صرف ڈیکوریشن پیسز کے لیے ہی استعمال کیے جانے لگے ہیں۔
ماڈیولر شیلف
بیڈروم میں پودوں کی موجودگی کا ذکر سب کرتے ہیں لیکن ان کااستعمال بیڈروم کی سجاوٹ میں اثر انداز نہ ہو یہ سوال بھی اہم ہے، اگر ایساآپ بھی چاہتے ہیں تو ماڈیولر شیلف کا استعمال آپ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ان شیلف کو بیڈروم کی کسی ایک دیوار پر لگانے کے بعد گملوں یا پودوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے یہ ایک طرف آپ کے کمرے کی سجاوٹ میں اضافہ کریں گے تو دوسری طرف ان کے ذریعے بیڈروم میں پودوں کا استعمال بھی بآسانی کیا جاسکتا ہے۔
اسٹیئر شیلف
آپ کے گھر میں کوئی ایسی سیڑھی ہے جو بے کار ہے یاجس کا استعمال نہ ہونے کے برابرہےاگر ایسا ہے تو اس سیڑھی کا جدید استعمال کیجیے اور اپنا گھر سجائیے جی ہاں !اسٹیئر شیلف اسٹوریج کے ساتھ ساتھ آپ کے لیونگ روم کی سجاوٹ میں بھی خاصی کام آسکتی ہے ۔ان اسٹیئر کو رنگ وروغن کے بعداستعمال اور سجاوٹ کے قابل بنایا جاسکتا ہے ۔رنگ روغن کے بعد یہ سیڑھی میگزین ،ڈیکوریشن پیسز یا آرائشی گملے رکھنے کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔اسٹئیئر شیلف سے گھر کی سجاوٹ کا ٹرینڈ خاصا ان ہے،لیدر شیلف آرائشی یا اسٹوریج کے لیے خرید کر بھی گھر کی سجاوٹ کی جاتی ہے۔
ان کلوزڈ شیلف
ایک دوسرے سے جڑے شیلف کا استعمال کچن میں زیادہ کیا جاتا ہے، عام طور ایسے شیلف بطور کچن کیبنٹ زیادہ استعمال ہوتے ہیں ان شیلف کے ڈور شیشے کے ہوتے ہیں جو کچن کی خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹرینڈ کے ساتھ بھی آپ کے گھر کو خاصامنسلک رکھتے ہیں ۔اگر آپ ان شیلف کے لیے گلاس ڈور کا استعمال کرنا پسند نہیں کرتے تو سلائیڈنگ ڈور بھی بہترین انتخاب ہے ۔کچن کے علاوہ ان شیلف کو ڈائننگ روم میں بھی بآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فلوٹنگ شیلف
کبھی کبھی سادگی بھی ہزاروں روپے خرچ کی گئی سجاوٹ سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوسکتی ہے فلوٹنگ شیلف بھی انھی میں سے ایک ہیں،یہ لکڑی کے چھوٹے یا بڑے دونوں سائز میں مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں جنھیں کمرے کی ایک دیوار پر ایک دو یا ،تین سے چار اسٹائلش طریقے سے نصب کیا جاسکتا ہے،ایک طرف یہ آپ کے روم کی خوبصورتی بڑھائے گا تو دوسری طرف آپ کے اعزازی انعامات ،ڈیکوریشن پیسز ،ڈیکوریشن کلاک وغیرہ رکھنے کے بھی کام آئے گا۔