ہر کوئی اپنے گھر کو باکمال اور باذوق بنانا چاہتا ہےلیکن جب بات ہوٹی وی لاؤنج کی تو سبھی چاہتے ہیںکہ ان کا ٹی وی لاؤنج سب سے اعلیٰ اور منفرد نظر آئے۔ٹی وی جو کبھی ایک خواہش ہوا کرتی تھی، اب وقت اور ٹیکنالوجی نے اسے اب ہر گھرکی ضرورت بنا دیاہے۔
ٹی وی لاؤنج کی سجاوٹ اور زیبائش کے لیے ٹیلی ویژن کے نت نئے انداز، ڈیزائن اور اقسام متعارف ہوچکی ہیںاور ٹی وی اسکرینوں کے لیےایل سی ڈی، پلازما، Flat، ایل ای ڈی، Retina، کرسٹل اور تھری ڈی جیسی ٹیکنالوجیز مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ قصہ ء مختصر یہ کہ ماضی کا ڈبے نماٹی وی اب ایک خوبصورت فریم میں منتقل ہوکر شاندار اندازاپنا چکا ہے۔ آپ کے ٹی وی لاؤنج کی زیبائش کے لیے کچھ شاندار اور جدید ترین خیالات پیشِ خدمت ہیں۔
جدید اور جاذبِ نظر
محدود احاطے میں ٹی وی سیٹ اور اس کے جملہ لوازمات منظم کرنے کی ایک مثالی کوشش اس نمونے میں نمایاں ہے۔ سفید اور متناسب رنگوں کے امتزاج اور روشن پس منظر کے ساتھ سینما سائز اسکرین کی شان وشوکت، سادگی کے باوجود وقار اور متانت کی علامت ہے۔
ایک شاندار نمونہ
محدود احاطے اور وسائل کے ساتھ ترتیب دیے گئے ٹی وی لاؤنج کو مثالی اورماہرانہ انداز میں منظم کیا جاتا ہے۔ خصوصاً ٹی وی اسٹینڈ اور پینل کے فرنیچرکو حسبِ ضرورت ڈیزائن کرکے جگہ اور پیسے دونوں کی بچت ہوجاتی ہے۔ سرخ رنگوں کا امتزاج مرکز نگاہ ہوتاہے۔
بیڈ روم کا ٹی وی لاؤنج
اگر کسی بیڈروم میں ٹی وی رکھا ہوتواس کی شان وشوکت کا مرکزی نکتہ ٹی وی کے لیے مخصوص الماری اور متعلقہ لوازمات کی خوبصورت سجاوٹ ہوتی ہے۔ خوابگاہ کا بیرونی پس منظر اور سینما سائز اسکرین پر وال ٹو وال الماری اور کثیرالمقاصد فرنیچر کی شان ہی نرالی ہوتی ہے۔
دیوار پر لگے اونچے شیلف کے نیچے
ایک چھوٹے ٹی وی لاؤنج میں سامان رکھنے کی جگہ کی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔ ایسے میں اگر اُونچی جگہ شیلف بنا ہواہے تو اس کے نیچے دیوار پر ٹی وی لگائیں اور اس شیلف میں دیگر سامان کےساتھ DVDs بھی رکھ لیں۔
دیوار پر لگے شیلف کے درمیان
یہ چھوٹی اور مکمل طور پر فعال جگہ میں ٹی وی لگانے کا بہترین نمونہ ہوسکتا ہے۔ کمرے کے بیرونی کونے کے ساتھ والی دیوار پر شیلف بناکراس کے بیچ میں ٹی وی رکھنے کی جگہ بنائیں۔درمیان میں مناسب فاصلےپر خوبصورت اور آرام دہ صوفے رکھیں۔ یہ گھر میں ٹی وی انجوائے کرنے کی ایک بہترین جگہ ثابت ہوگی۔
شیلف سے اور جگہ بنائیں
دیواریں عام طور پر وہ جگہ ہوتی ہیں، جہاں آپ سجاوٹ کے سامان کو ٹانگتے ہیں جیسے آئینے، پینٹنگز وغیرہ۔ چھوٹی جگہ کی ترتیب کے ساتھ، بخوبی ڈیزائن کیے گئے شیلف آپکی دیواروں کو خوبصورت بناتے ہیں۔ یہ ڈیزائن دِکھاتا ہے کہ یہاں آپ اپنے وہ لوازمات سجا سکتے ہیں جن کا آپ کو پہلے نہیں پتہ تھا کہ کہاں رکھیں۔
اولڈ اِز گولڈ
اگر آپ کے پاس اب بھی پرانے اسٹائل والا مگر Flatاسکرین ٹی وی سیٹ ہے تو یہ ڈیزائن آپ کے لیے ہی ہے۔دیوار کے ساتھ خوبصورت ڈیزائن کا اسٹوریج والا ٹی وی اسٹینڈ رکھیں۔ اس اسٹینڈ کے اندر کی جگہ کو آپ آرائش کے لیے استعمال کریں۔ اسٹینڈ کےلیے شیشوں کے سلائیڈ والے دروازوں کا انتخاب کیا جاسکتاہے۔ اگر غیرنمائشی چیزیں اسٹوریج کرنے کا ارادہ ہے تو سلائیڈ والےدروازوں میں شیشے کے بجائے لکڑی یا بورڈ استعمال کریں۔
ایک شاندار منظر
یہ ایک بڑا سا کمرہ ہے، جس میں ایک طرف ڈائننگ روم اور دوسری طرف بیٹھک کو سجایا گیا ہے اور دیوار پر ٹی وی اس طرح لگایا گیا ہے کہ اس کا استعمال دونوں اطراف بیٹھنے والوں کو محظوظ کرے۔ سونے پہ سہاگا، باہر موجود سبزہ کو دیکھتے ہوئے آپ یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ٹی وی کے لیے اس سے اچھی جگہ ناممکن ہے۔
ٹی وی اسٹینڈ
ہر چیز جو بنائی جاتی ہے، اس کی ایک وجہ ہوتی ہے۔ یہ خوبصورت، اعلیٰ ذوق کا بنایا گیا سادہ مگر اعلیٰ ٹی وی اسٹینڈ دیگر لوازمات کے ساتھ مل کر کیا شاندار نظارہ پیش کررہا ہے، اس کا اندازہ آپ بخوبی کرسکتے ہیں۔
دیوار میں چنوا دیں
اگر لاؤنج کا سائز چھوٹا ہے اور آپ صاف ستھرا منظر اور تھوڑی گہرائی چاہتے ہیں تو ٹی وی سیٹ کو دیوار میں چنواددیں۔ یہ انداز آپ کے ٹی وی لاؤنج کو کلاسیکی انداز دے گا۔
ایک بےمثال انداز
حسن، تدبیر اور سلیقہ مندی کی زندہ مثال یہ ٹی وی لاؤنج ایک اوسط فیملی کے لیے مناسب سہولت ہے۔ جسے رنگوں کے فنکارانہ امتزاج اور منظم ترتیبات سے مزین کیا گیا ہے۔
کلیکشن وال
آپ کی پسندیدہ کتابوں اور پسندیدہ فلموں کا مجموعہ، غرض آپ کی ہر چیز بڑی ترتیب سے آپ کے کمرے کی ان سفید شیلفوں میں رکھی جا سکتی ہے۔ زیریں فلور پر میچنگ نمونے کا ٹی وی اسٹینڈ رکھیں اور اس پر ٹی وی رکھیں۔