• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینے میں ٹوٹے ہوئے چاقو کے ساتھ 8 سال زندہ رہنے والا آدمی

فوٹو بشکریہ لائیو سائنس
فوٹو بشکریہ لائیو سائنس

تنزانیہ میں ایک آدمی آٹھ سال تک اس بات سے بے خبر رہا کہ اس کے سینے میں ٹوٹا ہوا چاقو موجود ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تنزانیہ میں ایک 44 سالہ شخص کو سینے سے پیپ نکلنے پر ایمرجنسی میں اسپتال لایا گیا۔

 رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مریض نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ اسے کوئی تکلیف نہیں ہے اور نا ہی سانس لینے میں کوئی دشواری ہے بس صرف سینے سے پیپ نکل رہی ہے۔

بعدازاں جب ڈاکٹرز نے مریض کا معائنہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ جب وہ سانس لیتا ہے تو اس کا سینا دائیں جانب سے پوری طرح پھیل نہیں رہا تھا۔

یہ انکشاف ہونے کے بعد مریض نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ 8 سال پہلے اس پر ایک جھگڑے کے دوران سینے، کمر، پیٹ اور چہرے پر چاقو سے بار بار وار کیا گیا تھا اور اس وقت میرا کوئی میڈیکل ٹیسٹ نہیں کیا گیا تھا بلکہ چاقو لگنے سے ہونے والے زخموں کی وجہ سے صرف ابتدائی طبی امداد دی گئی تھی۔ 

مریض نے مزید بتایا کہ جھگڑے میں زخمی ہونے اور ابتدائی طبی امداد ملنے کے بعد 8 سال تک مجھے صحت کا کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔

جس کے بعد مریض کا ایکس رے کروایا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ اس کے سینے میں ایک ٹوٹا ہوا چاقو موجود ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ مریض اتنے سالوں تک سینے میں چاقو موجود ہونے کے باوجود زندہ کیسے رہا؟

اس سوال کا جواب یہ ہے کہ انسان کے جسم کا ایک طریقہ ہے جس سے وہ بیرونی اشیاء سے خود کو محفوظ رکھتا ہے، اس طریقہ کار کو فائبرس کیپسول کی تشکیل کہا جاتا ہے۔

اس طریقے سے جسم کا مدافعتی نظام بیرونی اشیاء کو کولیجن میں بند کر دیتا  ہے تاکہ ارد گرد کے بافتوں میں ہونے والے نقصان اور سوزش کو محدود کر سکے۔ 

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر اسی طریقہ کار کی وجہ سے یہ مریض اپنے سینے میں چاقو کی موجودگی سے بے خبر رہا اور 8 سال تک زندہ بھی رہا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید