بھارتی ریاست کیرالہ کی 71 سالہ خاتون کی 13 ہزار فٹ کی بلندی پر اسکائے ڈائیونگ کرتے ویڈیو وائرل ہوگئی۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خاتون لیلا جوز 13ہزار فٹ کی بلندی پر اسکائے ڈائیونگ کرنے والی کیرالہ کی سب سے معمر خاتون بن گئی ہیں۔
لیلا جوز کو اسکائی ڈائیونگ کا شوق اپنے آبائی شہر کے اوپر اڑتے ہوئے ہوائی جہاز کو دیکھ کر ہوا اور انہوں نے اپنے شوق کے بارے میں اپنی دوستوں کو بتایا تو وہ سن کر ہنسنے لگیں لیکن پھر بھی خاتون نے اپنے اس شوق کو زندہ رکھا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون نے اپنے اس خواب کو گزشتہ ماہ دبئی میں پورا کیا جہاں وہ اپنے بیٹے سے ملنے کے لیے گئی تھیں۔
خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ جب میں نے اپنے بیٹے سے اسکائے ڈائیونگ کرنے کا کہا تو پہلے تو اسے لگا کہ میں مذاق کر رہی ہوں لیکن جب اسے یہ احساس ہوا کہ میں سنجیدہ ہوں تو اس نے فوراََ دبئی اسکائے ڈائیونگ ٹیم سے رابطہ کیا۔
خاتون نے مزید بتایا کہ دبئی اسکائے ڈائیونگ ٹیم بھی مجھے دیکھ کر حیران ہو گئی تھی۔