• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مئی میں پاک فوج نے بھارت کو جواب دیا تو اُسے امریکا کی منتیں کرنا پر گئیں: تنویر الیاس، عتیق احمد

سابق وزرائے اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس —فائل فوٹو
سابق وزرائے اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس —فائل فوٹو

سابق وزرائے اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مئی میں پاک فوج نے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اُسے امریکا سے منتیں کرنا پڑ گئیں۔

راولاکوٹ میں کنونشن سے خطاب میں تنویر الیاس نے کہا کہ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل اور معرکۂ حق کی مناسبت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروری میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفر آباد میں کہا تھا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، پاک فوج کی آپ کے لیے بہت قربانیاں ہیں، اس کی قدر کریں اور سبز ہلالی پرچم کی عزت کریں۔

اُن کا کہنا ہے کہ مئی میں پاک فوج نے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے امریکا کی منتیں کرنا پڑیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک عظیم الشان معاہدہ ہوا ہے۔

تنویر الیاس نے مزید کہا کہ اس دھرتی پر مہاراجہ بھی ہمارے بزرگوں سے سلامی نہیں لے سکا تھا، اب ریاست بچانے کا وقت آ گیا ہے، سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پونچھ کی دھرتی اپنی بہادری کی وجہ سے مشہور ہے۔

سابق وزیرِ آزاد کشمیر اور پی پی رہنما عابد حسین عابد نے کہا کہ یہ وہ سرزمین ہے، جسے غازیوں شہداء کی سر زمین کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ہمارے وقار میں اضافہ کیا۔

خطاب میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے، پونچھ کی دھرتی کے باسی پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ عوام طاقت کا سر چشمہ ہیں، لیکن یہاں پر خوف کی فضا پیدا کی گئی، راولاکوٹ کی سر زمین پر آج کا تاریخی پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہے۔

ن لیگی رہنما اور سابق وزیر سردار طاہر انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص نےکشمیری قوم کو پاکستان سے جوڑ دیا ہے، پاک فوج سے کشمیری عوام کا خون کا رشتہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید