بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے لڑکی کا حلیہ اختیار کر کے اپنے ہی دوست کے گھر چوری کر ڈالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ اُدھے نگر کا رہائشی شیوراج اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ نظام آباد گیا ہوا تھا، روانگی سے قبل شیوراج کے بیٹے نے اپنے دوست ہرشیت کو اس بات کی اطلاع دی تھی۔
اگلے دن جب شیوراج کے اہل خانہ واپس گھر پہنچے تو دیکھا کہ دروازے کا تالا ٹوٹا ہوا تھا جبکہ الماری سے 6.75 تولہ سونا اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے نقدی غائب تھی۔ فوری طور پر پولیس میں رپورٹ درج کروائی گئی جس پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک لڑکی کو گھر میں داخل ہوتے اور نکلتے دیکھا گیا، تاہم تحقیقات نے نیا رخ اُس وقت لیا جب ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ایک نوجوان سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے آیا تھا۔
فوٹیج کے مزید جائزے پر شیوراج کے بیٹے نے لڑکی کے بھیس میں نظر آنے والے شخص کو پہچان لیا جو دراصل اس کا دوست ہرشیت تھا۔
پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ہرشیت کے گھر سے 6.75 تولہ سونا اور 85 ہزار روپے نقد برآمد کرلیے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے قرض ایپس سے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے دباؤ کے باعث یہ قدم اٹھایا، چوری کی رقم میں سے 25 ہزار روپے پہلے ہی قرض کی قسط کے طور پر ادا کیے جاچکے ہیں۔