بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں چور کے پولیس اہلکار کی وردی پہن کر بیوی کو ویڈیو کال کرنے پر تھانے کے اہلکار کو معطل کردیا گیا۔
یہ واقعہ 2024 میں پیش آیا تھا جس کا انکشاف ایک سال بعد تفتیش کے دوران ہوا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ گونڈاپور تھانے کے کانسٹیبل ایچ آر سونار نے 50 مقدمات میں مطلوب ملزم کو ہوٹل میں قیام کے دوران اپنی وردی پہننے کیلئے دی تھی۔
کانسٹیبل اپنے ایک ساتھی اہلکار کے ساتھ چور کو قیمتی زیورات اور دیگر مسروقہ سامان کی برآمدگی کیلئے شہر سے باہر ایک ہوٹل میں لے گئے تھے، جہاں وہ اسے کمرے میں بند کرکے خریداری کیلئے نکل گئے۔
اس دوران چور نے ان کی وردی پہن کر اپنی بیوی کو متاثر کرنے کیلئے ویڈیو کال کی۔
پولیس کے علم میں یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب مئی 2025 میں اندرا نگر میں ہونے والی ایک اور چوری کی تفتیش کے دوران پولیس کو ایک چور کے فون سے پولیس وردی پہنے ہوئے تصاویر اور ویڈیو کال کے اسکرین شاٹ ملے، ان تصاویر میں کانسٹیبل سونار کے نام کا بیج واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے عمل میں پولیس اہلکار کی غفلت نظر آتی ہے، جس پر اسے معطل کردیا گیا، اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ چور کے پولیس اہلکاروں سے تعلقات نے اسے مزید جرائم کرنے اور گرفتاری سے بچنے کا موقع فراہم کیا۔