وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اب خادمین حرمین شریفین میں شامل ہو گیا ہے۔
ساہیوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے تاریخی فتح حاصل کی، معرکہ حق میں کامیابی سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے نواز شریف نے بنائی، ایٹمی دھماکے نواز شریف نے کیے، ملک سے نوازشریف کی خدمات نکال دو تو کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچے گا، ساہیوال والے نواز شریف سے اور نواز شریف ساہیوال والوں سے پیار کرتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے ویلکم کرنے والوں کے لب پر نواز شریف زندہ باد کا نعرہ ہے۔ ریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچے کا نام ماں نے نواز شریف رکھا ہے، ایک بچی کی ماں نے اپنی بیٹی کا نام مریم نواز رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ الیکٹرک بسیں آنے پر عید کی طرح خوشی منا رہے ہیں، الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہو گا، ساہیوال کے شہری اب باعزت سفر کریں گے، بزرگوں، خواتین، خصوصی افراد اور طلبہ کے لیے بس کا سفر بالکل مفت ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب میں پھنسے لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جتنے لوگوں کو ریسکیو کیا انہیں اپنا مہمان سمجھتے ہیں، میرے لیے وہ سیلاب زدگان نہیں اللّٰہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، سیلاب زدگان کو عزت کے ساتھ میز کرسی پر کھانا دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس کا گھر مکمل تباہ ہوا اسے 10 لاکھ روپے ملیں گے، جس کا مٹی کا گھر گرا ہے اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے، جس کی گائیں بھیس بہہ گئیں اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے، جس کی بھیڑ بکڑی بہہ گئی ہے اسے 50 ہزار روپے ملیں گے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیلاب سے پہنچنے والے نقصان پر کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دیں گے، پنجاب کے ہر ضلع میں بے گھر لوگوں کے لیے گھر بنائے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کا کام ہے کہ دکھ کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی ایسا شخص نہیں تھا جو حکومت میں ہو اور چین سے سو رہا ہو، 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ فراہم کیا جارہا ہے، اپنا گھر اسکیم کے تحت 80 ہزار گھر بن رہے ہیں