• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: شوہر نے بیوی کو قتل کرکے فیس بک لائیو پر اعتراف کر لیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بھارتی ریاست کیرالہ کے علاقے پونالور میں شوہر نے بیوی کو چھری کے وار سے قتل کرکے فیس بک لائیو پر اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کے علاقے پونالور کے قریب کوٹھا نادی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 39 سالہ شالنی کو اس کے شوہر نے مبینہ طور پر چھری کے وار سے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم آئزک نے بعد ازاں پونالور تھانے میں خود کو حکام کے حوالے کر دیا۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے 6 بجے اس وقت پیش آیا جب شالنی نہانے  کیلئے گئی تو اسی دوران آئزک نے اس پر حملہ کیا اور گردن، سینے اور کمر پر مہلک زخم پہنچائے۔

قتل کے فوراً بعد ملزم نے فیس بک لائیو پر دو منٹ کی ویڈیو میں جرم کا اعتراف کیا اور شالنی پر بداعتمادی، زیورات کے غلط استعمال اور سیاسی سرگرمیوں میں بڑھتی شمولیت کے الزامات عائد کیے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ شالنی اکثر اس کی بات نہیں مانتی تھی اور کچھ عرصہ اپنی ماں کے گھر رہنے کے بعد حال ہی میں واپس آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق  شالنی ایک مقامی اسکول میں مددگار کے طور پر کام کرتی تھی جبکہ آئزک، جو خلیجی ملک سے واپس آیا تھا، اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہتا تھا جس کے باعث وہ اپنی ساس کے ساتھ رہنے لگی تھی اور کچھ روز قبل ہی دوبارہ اپنے گھر لوٹی تھی۔

واقعے کی اطلاع مقتولہ کے 19 سالہ بیٹے نے پولیس کو دی جس کی بنیاد پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ فارنزک ٹیم نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور دونوں کے موبائل فون قبضے میں لے لیے، ملزم اور مقتولہ کے 2 بیٹے ہیں واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید