کراچی کی مقامی عدالت نے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو 7 برس قید کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل سیشن عدالت شرقی میں کورنگی صنعتی ایریا میں ڈکیتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان کو 7 برس قید کی سزا سنادی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کوئی شہری بےرحم لٹیروں کے ہاتھوں خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ گواہان کےبیانات میں معمولی تضاد پرملزمان کو بری کرنا معاشرے کی بہتری کے لیے مناسب نہیں ہوگا۔
عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر نے معاشرے میں دہشت پھیلائی ہوئی ہے، کئی معصوم شہری اپنی جان یا قیمتی اشیا سے محروم ہوچکے ہیں۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان نے جنرل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران مدعی سے موبائل فون چھینا اور اس کی ایپ میں موجود 2 لاکھ 88 ہزار روپے نکلوائے، ملزم کو مدعی مقدمہ نے شناخت کیا تھا۔