قاہرہ کے مصری عجائب گھر سے چوری ہونے والا سونے کا ایک قیمتی کڑا خطیر قیمت پر فروخت ہوگیا۔
مصری پولیس نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سونے کا قیمتی کڑا چوری کرکے 4 ہزار ڈالرز میں نیلام کرنے کے الزام میں مصری عجائب گھر کے ایک ملازم اور اس کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ 3 ہزار سال پرانا سونے کا کڑا لاپیس لازولی موتیوں سے مزین تھا جو مصر کے 21 ویں خاندان فرعون امینیموپ کے دور کا ہے۔
اس حوالے سے مصر کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عجائب گھر کے عملے نے ہفتے کے روز اس کڑے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کڑے کو عجائب گھر کی کنزرویشن لیب کے اندر ایک بند دھاتی سیف میں رکھا گیا تھا جسے وہاں کے ایک ملازم نے 9 ستمبر کو ڈیوٹی کے دوران چرا لیا تھا۔
مصری پولیس کے مطابق وسطی قاہرہ میں ایک چاندی کے تاجر نے اس کڑے کو فروخت کرنے میں مدد کی اور اسے 4 ہزار ڈالرز میں فروخت کیا گیا۔
مصری پولیس نے بتایا کہ کڑے کو خریدنے والے نے اسے خریدنے کے بعد پگھلا دیا۔
مصری پولیس کے مطابق ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا اور انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔