• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندیم افضل چن کا متاثرین کی مدد بی آئی ایس پی سے کرنے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ندیم افضل چن نے بھی حکومت سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام استعمال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس ڈیٹا بینک ہے، بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کریں۔

ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آپ جس کی مرضی تصویر لگائیں مگر غریب تک پیسے پہنچائیں، کسان متاثر ہوئے ہیں، کسانوں سے مشورہ کریں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب  کسانوں کو ہی بلا کر پوچھ لیتیں کہ ان کا کیا نقصان ہوا ہے؟

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردِعمل  دیتے ہوئے کہا کہ  آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کا مقدمہ کب لڑیں گے؟ آپ اتنے سیانے ہوتے تو آج پنجاب میں آپ کی یہ حالت نہیں ہوتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کوئی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں کرنا چاہتا، سوال یہ ہے اس کو سیلاب میں استعمال کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ اس کو سیاست ہی کہتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف بلاول بھٹو نے بھی کی ، اسی لیے سندھ کے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ کاش ان کے پاس بھی مریم نواز جیسی وزیراعلی ہوتیں۔

اس سے قبل خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو استعمال نہ کرنا غفلت کے مترادف ہو گا۔

آصفہ بھٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے پاس متاثرہ افراد کا ڈیٹا اور اُن تک رسائی کی صلاحیت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متاثرین کو امداد فراہم کرنے کا سب سے تیز اور مؤثر ذریعہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید