وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 سال پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دے دی۔
5 سال سے کم پرانی گاڑیاں 30 جون 2026ء تک درآمد کی جا سکیں گی، بعد ازاں گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمرشل درآمد شدہ گاڑیاں ماحولیاتی اور حفاظتی معیار پر پورا اتریں گی۔
5 سال سے کم پرانی گاڑیوں پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہو گی جو اگلے سال سے ہر سال 10 فیصد کم کی جائے گی، اس طرح مالی سال 30-2029ء تک درآمدی ڈیوٹی بتدریج ختم کر دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ای سی سی نے پاکستان ورچوئل اثاثہ جات اتھارٹی کے لیے 80 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں پیٹرولیم، توانائی اور غذائی تحفظ کے وزراء سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔